اکتوبر سوشلسٹ انقلاب کی 109ویں سالگرہ تقریب

0
WhatsApp Image 2026-11-09 at 1.18.18 PM

وانکی وسی: پورہیت مزاحمت تحریک کے زیر اہتمام وانکی وسی میں اکتوبر سوشلسٹ انقلاب کی 109ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب منعقد کی گئی، جس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، ادیبوں اور شاعروں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری کامریڈ نثار لغاری نے کہا کہ اکتوبر سوشلسٹ انقلاب نے کسانوں، مزدوروں اور محنت کشوں کی جدوجہد کے نتیجے میں روس میں زار شاہی کا خاتمہ کرکے مزدوروں کی حکومت قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ آج سرمایہ داری اور سامراجی نظام نے دنیا کو جنگوں، غربت اور بے روزگاری کی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ان کے مطابق کسانوں، مزدوروں اور مظلوم قوموں کی نجات سوشلسٹ انقلاب میں ہے۔ کامریڈ اعجاز جاکھری نے کہا کہ سندھ کی قومی، طبقاتی اور عوامی آزادی کے لیے انقلابی تبدیلی ضروری ہے۔ انہوں نے جاگیردارانہ نظام کے خاتمے اور سندھ کو بیرونی قبضوں سے محفوظ بنانے پر زور دیا۔ کامریڈ صوفی نے عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سامراج مخالف تحریکوں کا ذکر کیا، جبکہ کامریڈ شیراز اجن نے اکتوبر انقلاب کے عالمی ادب اور مزاحمتی تحریکوں پر اثرات بیان کیے۔ اس موقع پر مزاحمتی شاعر سلمان جاکھرو نے انقلابی گیت بھی پیش کیا۔ تقریب میں منظور کی گئی قراردادوں میں سندھ کی وحدت، انتظامی تقسیم اور نئے صوبوں کی مخالفت، کراچی سمیت ساحلی پٹی کو سندھ کے عوام کی قومی ملکیت قرار دینے، بے زمین ہاریوں میں زمین تقسیم کرنے، ہر خاندان کو پکا مکان دینے، روزگار، تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے اور دیہات کو بلڈر مافیا سے محفوظ بنانے کے مطالبات کیے گئے۔ ایک قرارداد میں پیپلز پارٹی کی سندھ میں 17 سالہ حکومت پر بھی سخت تنقید کی گئی۔ تقریب کے منتظمین میں کامریڈ دوست علی لغاری، گلزار لغاری، کنیالال اور سنتوش کمار شامل تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے