سندھ کے 100 ملین ڈالر کے اصلاحاتی پروگرام پر عالمی بینک کے تحفظات، کارکردگی کی درجہ بندی کم

0
Picture2

عالمی بینک نے سندھ حکومت کے 100 ملین ڈالر کے سرکاری شعبے کے اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کی کارکردگی کی درجہ بندی تسلی بخش سے کم کرکے درمیانے درجے تک تسلی بخش کردی ہے۔

عالمی بینک کی تازہ جائزہ رپورٹ کے مطابق صحت، تعلیم، مالیاتی انتظام اور گورننس کے شعبوں میں اصلاحات سست روی کا شکار ہیں، جبکہ منصوبوں کی منظوری میں تاخیر اور سرکاری اداروں کی محدود استعداد بھی تشویش کا باعث ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 99.81 ملین ڈالر کے نظرثانی شدہ بجٹ میں سے اب تک صرف 19.97 ملین ڈالر جاری کیے گئے ہیں۔ بنیادی صحت مراکز کے اخراجات اور وسائل کی تقسیم کا مالیاتی فریم ورک تاحال منظور نہیں ہوسکا، جبکہ اسکول مینجمنٹ کمیٹیوں کے فنڈز کی نگرانی کا نظام اور اسکول فنڈنگ پالیسی بھی منظوری کے منتظر ہیں۔

سندھ بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی انسانی وسائل اور تکنیکی استعداد کو بھی ناکافی قرار دیا گیا ہے۔

تاہم عالمی بینک نے صوبائی ٹیکس وصولیوں میں اضافے کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق ٹیکس وصولیاں مارچ 2026 میں 424.8 ارب روپے سے بڑھ کر اگست میں 593 ارب روپے ہوگئیں، جبکہ جون 2030 تک 750 ارب روپے کا ہدف مقرر ہے۔

رپورٹ میں اصلاحات کی رفتار تیز کرنے، محکموں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے اور ادارہ جاتی استعداد بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے