وفاقی اردو یونیورسٹی میں طلبہ کے لیے عملی تھیٹر ورکشاپ کا انعقاد

0
aa926766-f661-4420-ac0a-223e114f4e94

وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی کے عبدالحق کیمپس میں شعبۂ ابلاغِ عامہ کے زیرِ اہتمام پروفیسر حنیف انصاری کی نگرانی میں عملی تھیٹر ورکشاپ منعقد کی گئی، جس کا مقصد طلبہ کو اداکاری اور فنِ پرفارمنس کی تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ان کی شخصیت سازی اور سماجی ترقی میں تھیٹر کی اہمیت اجاگر کرنا تھا۔

ورکشاپ میں فنونِ لطیفہ، میڈیا اور پرفارمنگ آرٹس سے وابستہ معروف شخصیت آغا شیرازی نے طلبہ کی رہنمائی کی اور عملی سرگرمیوں کے ذریعے اداکاری کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کیا۔

طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے آغا شیرازی نے کہا کہ تھیٹر محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ مؤثر ابلاغ، شخصیت سازی اور کردار کی تعمیر کا اہم وسیلہ ہے۔ انہوں نے عملی مشقوں کے ذریعے اسٹیج پر اعتماد کے ساتھ موجودگی، جسمانی حرکات و سکنات، آواز کے اتار چڑھاؤ اور ناظرین کی توجہ برقرار رکھنے کی تکنیکیں سکھائیں۔

ورکشاپ میں اس بات پر بھی توجہ دی گئی کہ تھیٹر کی تربیت طلبہ کی جھجک دور کرنے، خود اعتمادی بڑھانے اور میڈیا کے مسابقتی ماحول میں مؤثر ابلاغی صلاحیتیں پیدا کرنے میں کس طرح مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ طلبہ نے مختلف سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا اور سیشن میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

ورکشاپ کے اختتام پر شعبۂ ابلاغِ عامہ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عرفان عزیز نے آغا شیرازی کا طلبہ کے ساتھ اپنا تجربہ اور فنی مہارتیں بانٹنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عملی تربیت کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ایسی سرگرمیوں کو طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مفید قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے