خیرپور میں صحت، تعلیم اور بلدیاتی خدمات سے متعلق عوامی احتساب فورم کا انعقاد

0
file_000000004c4481f8a80a86359868af3d

خیرپور میرس میں صحت، تعلیم اور بلدیاتی خدمات کی فراہمی سے متعلق شہریوں کے تحفظات اور مسائل پر غور کے لیے عوامی احتساب فورم منعقد کیا گیا، جس میں شرکاء نے بنیادی سہولیات کی بہتری اور سرکاری وسائل کے شفاف استعمال پر زور دیا۔سٹیزن نیٹ ورک فار بجٹ اکاؤنٹبلٹی (CNBA) کی پارٹنر تنظیم سوسائٹی فار ریسرچ اینڈ ہیومن ڈویلپمنٹ (SRHD) کے زیرِ اہتمام 28 اکتوبر کو منعقدہ فورم میں مقامی شہریوں، اساتذہ، طبی ماہرین، بلدیاتی نمائندوں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی۔فورم میں سرکاری صحت مراکز میں سہولیات اور علاج کے معیار، سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری اور بنیادی سہولیات کی دستیابی، صاف پانی، صفائی، نکاسی آب اور کچرا ٹھکانے لگانے کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شرکاء نے کمیونٹی اسکور کارڈ کے ذریعے مختلف عوامی خدمات کا جائزہ لیتے ہوئے ایک سے پانچ کے پیمانے پر اپنی اجتماعی رائے بھی ریکارڈ کی، تاکہ متعلقہ محکموں کی توجہ درکار مسائل کی نشاندہی کی جاسکے۔ایس آر ایچ ڈی کے پروجیکٹ آفیسر سہیل احمد نے کہا کہ خیرپور میرس میں صحت، تعلیمی اداروں کی بنیادی سہولیات اور نکاسی آب کے مسائل فوری حکومتی توجہ چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق عوامی بجٹ شہریوں کی بنیادی ضروریات کے مطابق شفاف انداز میں خرچ ہونا چاہیے۔واضح رہے کہ سی این بی اے ملک گیر سول سوسائٹی نیٹ ورک ہے، جسے سینٹر فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ انیشی ایٹوز (CPDI) چلاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے