سندھ بھر میں دیوالی کی تقریبات، مندروں اور گھروں کو سجا دیا گیا
سندھ بھر میں ہندو برادری دیوالی کا تہوار مذہبی جوش و خروش اور روایتی انداز میں منا رہی ہے۔
صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت مختلف شہروں میں مندروں اور گھروں کو برقی قمقموں، چراغوں اور رنگولی سے سجایا گیا۔
دیوالی کی مناسبت سے مندروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جبکہ ہندو خاندانوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور خوشیاں منائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے دیوالی کو محبت، امن، رواداری اور بھائی چارے کا تہوار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام کی روایات کی عکاس ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے دیوالی کے موقع پر مندروں اور مذہبی مقامات پر اضافی پولیس اہلکار تعینات کرنے اور سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بھی ہندو برادری کو مبارکباد پیش کی اور مذہبی ہم آہنگی کی اہمیت اجاگر کی۔
کراچی، میرپورخاص اور نوابشاہ سمیت مختلف علاقوں میں دیوالی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ اس موقع پر مستحق ہندو خاندانوں میں مالی امداد کے چیک بھی تقسیم کیے گئے۔
سندھ حکومت نے ہندو برادری کے لیے دیوالی کی تعطیل کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔