موسمیاتی تبدیلی کے باعث سندھ میں کپاس کی قبل از وقت بوائی
درجہ حرارت میں تبدیلی کے باعث سندھ کے ساحلی علاقوں میں کپاس کی کاشت کے روایتی شیڈول میں غیر معمولی تبدیلی آئی ہے۔ ٹھٹھہ اور سجاول میں نومبر کے دوسرے ہفتے ہی بوائی شروع کردی گئی ہے۔
چوہڑ جمالی، میرپور ساکرو، گھارو، بھارا، کیٹی بندر اور چھچھ جہاں کے کاشتکاروں نے موافق موسم کے پیش نظر کپاس کاشت کرنا شروع کردی ہے۔ کسان دھان کی کٹائی کے بعد خالی کھیتوں میں بیج ڈال رہے ہیں، جبکہ بعض مقامات پر ٹماٹر کی کھڑی فصل کے ساتھ بھی کپاس بوئی جارہی ہے۔
روایتی طور پر سندھ کے ساحلی اضلاع میں کپاس کی بوائی فروری اور مارچ میں شروع ہوتی تھی۔
ماہرین کے مطابق اگر نومبر اور دسمبر کے ابتدائی دنوں میں موسم سازگار رہا تو ان علاقوں میں کپاس کے زیرِ کاشت رقبے کا نیا ریکارڈ قائم ہوسکتا ہے۔ بوائی فروری اور مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ کامیاب فصل کی صورت میں بعض علاقوں میں جننگ کا سیزن مارچ میں شروع ہوسکتا ہے۔
کاٹن جنرز فورم کے چیئرمین احسان الحق نے کہا کہ بے موسم درجہ حرارت نے فصلوں کے دورانیے، فی ایکڑ پیداوار اور معیار کو متاثر کیا ہے۔