کراچی میں اوپن وائسز کانفرنس،اے آئی سے صحافت میں آنے والی تبدیلیوں کا جائزہ
کراچی میں منعقدہ اوپن وائسز کانفرنس میں پاکستان کے بدلتے ہوئے میڈیا منظرنامے، ڈیجیٹل صحافت، مصنوعی ذہانت اور میڈیا انٹرپرینیورشپ سے متعلق چیلنجز اور مواقع پر گفتگو کی گئی۔
’’پاکستان میں میڈیا، مکالمہ اور ڈیجیٹل جدت کو مضبوط بنانا‘‘ کے عنوان سے ہونے والی کانفرنس میں صحافیوں، میڈیا پروفیشنلز، ڈیجیٹل انوویٹرز، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور امریکی ایکسچینج پروگرام کے المنائی نے شرکت کی۔
کانفرنس کا انعقاد پاکستان-امریکہ المنائی نیٹ ورک (PUAN) کے تعاون سے کیا گیا۔ جی این ایم آئی کی صدر ناجیہ اشعر نے کانفرنس کے آغاز میں اوپن وائسز انیشی ایٹو اور اس کے تحت ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔
امریکی قونصل جنرل کراچی میں المنائی کی مینیجر فارحہ فاطمہ نے بھی خطاب کیا اور پیشہ ورانہ روابط اور تجربات کو اپنے متعلقہ شعبوں میں مؤثر طور پر استعمال کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشنز کی پارلیمانی سیکرٹری انجینئر صبحین غوری نے پاکستان کے بدلتے ہوئے ڈیجیٹل منظرنامے اور ٹیکنالوجی کے باعث میڈیا اور معلوماتی پلیٹ فارمز کو درپیش نئے مواقع اور چیلنجز پر گفتگو کی۔
کانفرنس میں اوپن وائسز انیشی ایٹو کے تحت تیار کیے گئے پوڈکاسٹ ٹیزرز اور وضاحتی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں، جن میں پیچیدہ موضوعات کو ڈیجیٹل فارمیٹس کے ذریعے آسان انداز میں پیش کرنے کے طریقوں کو اجاگر کیا گیا۔
کانفرنس میں ’’شور کے دور میں سچائی: پاکستان کے بدلتے ہوئے میڈیا منظرنامے میں اخلاقی اور معتبر صحافت‘‘ کے عنوان سے پینل ڈسکشن بھی ہوئی۔
پینل میں سینئر صحافی مظہر عباس، عافیہ سلام، بی بی سی اردو کے وسعت اللہ خان اور ٹائمز آف کراچی کے شریک بانی ارسلان علی شریک ہوئے۔ گفتگو کی میزبانی سینئر صحافی لبنیٰ جرار نقوی نے کی۔
مباحثے میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے استعمال، میڈیا انٹرپرینیورشپ، مصنوعی ذہانت اور دیگر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے صحافتی کام پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر بھی گفتگو کی کہ نئی ٹیکنالوجیز کے استعمال کے ساتھ صحافتی اخلاقیات، جوابدہی اور ناظرین کا اعتماد کیسے برقرار رکھا جا سکتا ہے۔
پینلسٹس نے صحافیوں اور میڈیا اداروں کے لیے بدلتے ہوئے ڈیجیٹل ماحول میں پیدا ہونے والے پیشہ ورانہ اور کاروباری مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
سوال و جواب کے سیشن میں شرکاء نے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل جدت، میڈیا انٹرپرینیورشپ اور پاکستان کے معلوماتی منظرنامے سے متعلق سوالات کیے۔
کانفرنس کے اختتام پر صحافیوں، میڈیا پروفیشنلز، المنائی اور ماہرین کے درمیان روابط، تجربات کے تبادلے اور ممکنہ تعاون کے مواقع پر گفتگو ہوئی۔
اوپن وائسز انیشی ایٹو، PUAN گرانٹ کے تحت، المنائی اور میڈیا پروفیشنلز کو ڈیجیٹل ٹولز، نئے میڈیا ماڈلز اور تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے صحافتی ماحول سے متعلق تجربات اور معلومات کے تبادلے کا موقع فراہم کرتا ہے۔