سندھ حکومت کا گلگت بلتستان کے دل کے اسپتال کی بہتری میں تعاون کا اعلان

0

سندھ حکومت نے گلگت بلتستان میں دل کے مریضوں کے علاج کی سہولتیں بہتر بنانے کے لیے تکنیکی اور ادارہ جاتی تعاون فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز (این آئی سی وی ڈی) کو گلگت بلتستان کے ایک کارڈیک اسپتال کی اپ گریڈیشن میں مدد دینے کی ہدایت کردی ہے۔

یہ فیصلہ 28 اکتوبر کو وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین آزاد کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ ملاقات کے دوران گلگت بلتستان میں دل کے امراض کے علاج کی سہولتیں بہتر بنانے کے لیے دونوں حکومتوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی اپنے تجربے اور مہارت کے ذریعے گلگت بلتستان میں مریضوں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے میں مدد دے گا۔

ملاقات میں گلگت بلتستان میں مؤثر ریونیو نظام کے قیام اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے گھروں کی دوبارہ تعمیر پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مراد علی شاہ نے سندھ ریونیو بورڈ کو گلگت بلتستان حکومت کی معاونت کی ہدایت کی۔

سیلاب متاثرین کے لیے 200 گھروں کی تعمیر کے سلسلے میں سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز کی ٹیم سروے شروع کرچکی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام جنوری یا فروری میں شروع کرنے کے لیے تیاری مکمل کی جائے۔

اس تعاون کے ذریعے سندھ حکومت صحت، ریونیو انتظامیہ اور رہائشی منصوبوں میں اپنا تجربہ گلگت بلتستان کے ساتھ شیئر کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے