کلفٹن میں 46 منزلہ عمارت کی تعمیر کے خلاف شہریوں کا احتجاج
کلفٹن کے بلاک 5 میں زیر تعمیر 46 منزلہ عمارت کے خلاف مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے تعمیرات روکنے اور رہائشی علاقے کی کمرشلائزیشن ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اتوار کو شہری دو تلوار کے قریب جمع ہوئے اور مارچ کرتے ہوئے زیر تعمیر عمارت کے مقام تک پہنچے۔ مظاہرین نے رہائشی گلیوں میں بلند عمارتوں اور تجارتی سرگرمیوں کے خلاف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
مکینوں کا کہنا تھا کہ علاقے میں پہلے ہی پانی کی قلت، ناقص نکاسی آب، سیوریج، کچرے اور ٹوٹی سڑکوں کے مسائل ہیں۔ ان کے مطابق 46 منزلہ عمارت سے بنیادی سہولتوں پر مزید دباؤ بڑھے گا۔ رہائشی پلاٹ کا تجارتی استعمال میں تبدیل ہونا بھی تشویش ناک ہے۔
مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور واٹر کارپوریشن سے شکایات کیں، تاہم کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہوئی۔
شہریوں نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے تعمیراتی منظوری، زوننگ قوانین، ماحولیاتی جائزے اور بنیادی ڈھانچے کی گنجائش سے متعلق دستاویزات عام کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے نہرِ خیام کے تحفظ اور رہائشی سڑکوں پر بلند عمارتوں کی تعمیر کا فوری اور شفاف جائزہ لینے پر بھی زور دیا۔