دیوالی: روشنی، خوشی اور امید کا تہوار

0
8c9a5b3c-5b14-41c6-9fa4-c19cae48466f

دیوالی ہندو مت کے قدیم ترین اور اہم تہواروں میں سے ایک ہے۔ یہ تہوار ہر سال بڑی عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ صدیوں سے جاری اس روایت کو محض ایک مذہبی رسم نہیں، بلکہ روشنی، خوشحالی، محبت اور اجتماعی مسرتوں کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔ دیوالی کا بنیادی تصور انسانی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے اور نیکی کی اقدار کو فروغ دینے سے وابستہ ہے۔ اس موقع پر اندھیرے کے مقابلے میں روشنی، جہالت کے مقابلے میں علم، برائی کے بجائے بھلائی اور مایوسی کے مقابلے میں امید کا پیغام دیا جاتا ہے۔

یہ تہوار صرف ایک دن تک محدود نہیں ہوتا، بلکہ اس کی تیاریاں پہلے ہی شروع ہو جاتی ہیں اور مختلف مذہبی و سماجی سرگرمیاں کئی دنوں تک جاری رہتی ہیں۔ عام طور پر دیوالی سے قبل تیاریوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے، جبکہ اس کا مرکزی جشن پانچ دنوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ ہندو قمری شمسی کیلنڈر کے مطابق دیوالی کارتک کے مہینے کی اماوس (نئے چاند) کی رات منائی جاتی ہے، جس دوران چاند آسمان پر دکھائی نہیں دیتا۔ عیسوی کیلنڈر کے مطابق یہ تہوار عموماً اکتوبر کے وسط سے نومبر کے وسط کے درمیان آتا ہے۔

دیوالی کی آمد کے ساتھ ہی گھروں اور بازاروں میں رونق بڑھ جاتی ہے۔ لوگ اپنے گھروں، دکانوں اور دیگر عمارتوں کی صفائی کرتے ہیں اور انہیں مختلف رنگوں، پھولوں اور آرائشی اشیا سے سجاتے ہیں۔ تہوار کے دن نئے کپڑے پہننا اور گھروں کے دروازوں، کھڑکیوں اور صحنوں میں دیے جلانا اس تہوار کی اہم روایات میں شامل ہے۔ رات کے وقت چھوٹے چھوٹے دیوں کی قطاریں گلیوں اور گھروں کو روشن کر دیتی ہیں، جس سے ہر طرف ایک دلکش منظر پیدا ہو جاتا ہے۔ اس موقع پر دولت اور خوشحالی کی دیوی لکشمی کی پوجا بھی کی جاتی ہے۔ بہت سے لوگ آتش بازی کے ذریعے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہیں، جبکہ خاندان کے تمام افراد مل کر دعوتوں کا اہتمام کرتے ہیں۔ مٹھائیاں تقسیم کرنے، دوستوں اور رشتہ داروں کو مدعو کرنے اور ایک دوسرے کو تحائف دینے سے سماجی تعلقات میں قربت پیدا ہوتی ہے۔ اس موسم میں بازاروں میں خریداری کا رجحان بڑھ جاتا ہے اور لوگ گھریلو ضروریات کی اشیا، کپڑے، سونا اور زیورات بڑی تعداد میں خریدتے ہیں۔ تجارتی ادارے بھی اس موقع پر خصوصی تیاریاں کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آ جاتی ہے۔

تاریخی اعتبار سے دیوالی کا تعلق قدیم ہندوستان کی مذہبی، ثقافتی اور موسمی روایات سے جڑا ہوا ہے۔ ہندو دھرم کی قدیم مذہبی کتابوں، مثلاً پدم پران اور اسکند پران میں دیوں اور روشنی کے حوالے ملتے ہیں۔ اسکند پران میں دیے کی روشنی کو سورج سے تشبیہ دی گئی ہے، جو نظامِ شمسی کے دوسرے سیاروں کو روشنی اور توانائی فراہم کرتا ہے۔ کارتک کے مہینے کے موسم اور اس دوران رونما ہونے والی قدرتی تبدیلیوں کو بھی اس تہوار کے تاریخی پس منظر کا حصہ قرار دیا جاتا ہے۔

ساتویں صدی عیسوی میں ہندوستانی بادشاہ ہرش کے دور میں لکھے گئے ایک سنسکرت ڈرامے میں دیپ پرتی پادُتسو  نامی جشن کا ذکر ملتا ہے، جس میں دیے جلانے اور شادی کے رشتے طے ہونے پر جوڑوں کو تحائف دینے کی روایت بیان کی گئی ہے۔ اسی طرح نویں صدی کے مصنف راج شیکھر نے اپنی تصنیف  کاویہ میمانسا  میں دیوالی کے لیے دیپ مالیکا   کا لفظ استعمال کیا ہے۔ ان کے بیان سے معلوم ہوتا ہے کہ اس زمانے میں لوگ گھروں کی صفائی، گلیوں اور بازاروں کی آرائش اور رات کے وقت دیے جلانے کو اس موسم کی اہم سرگرمیوں کے طور پر اختیار کرتے تھے۔ گیارہویں صدی میں ہندوستان کا سفر کرنے والے فارسی عالم ابو ریحان البیرونی نے بھی اپنی تحریروں میں اس تہوار کا ذکر کیا ہے۔ ان کے بیان کے مطابق ہندو برادری کے لوگ کارتک کے مہینے میں نئے چاند کی رات دیے جلا کر جشن مناتے تھے۔

دیوالی کی اہمیت کا ایک بڑا پہلو اس کا سماجی اور معاشی کردار بھی ہے۔ اس موقع پر لوگ نہ صرف اپنے گھروں کو سجاتے ہیں، بلکہ کاروباری مراکز اور کام کی جگہوں کی بھی صفائی اور آرائش کرتے ہیں۔ خریداری کی سرگرمیوں میں اضافے کے باعث تاجروں کو اپنا کاروبار بڑھانے کے مواقع ملتے ہیں۔ بہت سے صنعت کار اور تاجر اپنے ملازمین اور مزدوروں کو بونس دیتے ہیں، جو اکثر ایک ماہ کی تنخواہ کے برابر ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ لوگ اپنے دوستوں، رشتہ داروں اور قریبی ساتھیوں کو تحائف دے کر انہیں خوشیوں میں شریک کرتے ہیں۔ دیوالی کے موسم کو فصلوں کی کٹائی سے بھی منسلک کیا جاتا ہے، اس لیے فصل سے حاصل ہونے والی آمدنی میں حصہ دار افراد اور ساتھیوں کو ان کا حق دینے کی روایت بھی اس موقع کی سماجی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔

روحانی اعتبار سے دیوالی کا پیغام مختلف برادریوں اور مذہبی عقائد میں اپنے اپنے انداز سے بیان کیا جاتا ہے۔ ہندو، جین اور سکھ مت کے پیروکار اس موقع کو اپنی روایات کے مطابق مناتے ہیں، تاہم روشنی، نیکی اور علم کی اہمیت ان کے مشترکہ تصور میں نمایاں نظر آتی ہے۔ ہندو فلسفے کی یوگا، ویدانت اور سانکھیہ جیسی شاخوں میں جسم اور ذہن سے بالاتر روحانی حقائق پر بحث کی گئی ہے۔ ان فلسفوں میں آتما یا روح کو لافانی اور ابدی حقیقت تصور کیا جاتا ہے۔ اسی پس منظر میں دیوالی کو انسان کی باطنی اصلاح، اچھی عادات کے فروغ اور منفی سوچوں سے نجات کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔

مجموعی طور پر دیوالی ایک ایسا قدیم تہوار ہے، جس میں مذہبی عقیدے کے ساتھ تاریخ، ثقافت، سماجی تعلقات اور معاشی سرگرمیوں کے مختلف پہلو شامل ہیں۔ صدیوں سے جاری یہ روایت آج بھی دنیا کے کئی خطوں میں لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا ذریعہ بنی ہوئی ہے۔ دیوں کی روشنی، تحائف کے تبادلے، خاندانی تقریبات اور مذہبی رسومات کے ذریعے یہ جشن خوشحالی، محبت اور نئی امید کا پیغام دیتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے