کراچی میں نئی الیکٹرک اور ڈبل ڈیکر بسیں، روٹس حتمی بنانے کی ہدایت
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ کراچی پہنچنے والی الیکٹرک اور ڈبل ڈیکر بسوں کے روٹس اور آپریشنل انتظامات حتمی بنائے جائیں۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روٹس میں شاہراہوں، تجارتی مراکز، تعلیمی اداروں اور رہائشی علاقوں کو ترجیح دی جائے، خصوصاً وہاں جہاں پبلک ٹرانسپورٹ کی زیادہ ضرورت ہے۔
اجلاس میں ٹرانسپورٹ سیکریٹری اسد ضامن، ٹرانس کراچی کے چیف ایگزیکٹو زبیر چنہ شریک ہوئے۔ نئی بسوں، ریڈ اور یلو لائن بی آر ٹی منصوبوں اور گرین لائن کا جائزہ لیا گیا۔
شرجیل میمن نے چارجنگ اسٹیشنز، ڈپوز اور بس اسٹاپس کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بسوں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ مؤثر روٹ پلاننگ اور قابلِ اعتماد سروس ضروری ہے۔
اجلاس میں یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن بی آر ٹی کا یوٹرن کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر نے ریڈ لائن منصوبہ بروقت مکمل کرنے، یلو لائن ڈپوز پر کام تیز کرنے اور تاج حیدر پل کے دوسرے حصے کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ حکام کو تعمیراتی کام کی روزانہ نگرانی کا حکم دیا گیا۔