سینئر صحافی اللہ بخش راٹھوڑ کی بھتیجی علیشہ راٹھوڑ مبینہ طور پر اغوا، فوری بازیابی کا مطالبہ
کراچی: سینئر صحافی اور معروف کالم نگار، کراچی پریس کلب کے ممبر اللہ بخش راٹھوڑ کی بھتیجی علیشہ راٹھوڑ کے مبینہ اغوا پر صحافتی حلقوں میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ موصولہ بیان کے مطابق علیشہ کو گزشتہ رات اغوا کیا گیا، تاہم پولیس تاحال ان کی بازیابی کے لیے کوئی مؤثر پیش رفت نہیں کرسکی۔
واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار اور وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن فوری نوٹس لیں اور متعلقہ پولیس حکام کو علیشہ راٹھوڑ کی بحفاظت بازیابی کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کریں۔
بیان میں پولیس کی مبینہ سست روی پر بھی سوالات اٹھائے گئے اور کہا گیا کہ ایک معصوم بچی کے اغوا جیسے سنگین واقعے پر فوری کارروائی نہ ہونا تشویش ناک ہے۔ اس سلسلے میں سفارش کلچر اور انتظامی کمزوریوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
صحافیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سینئر صحافی اللہ بخش راٹھوڑ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور علیشہ کی فوری بازیابی کے مطالبے میں آواز بلند کریں۔ بیان میں کہا گیا کہ بچی کی حفاظت اور بحفاظت واپسی اولین ترجیح ہونی چاہیے، جبکہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔