جامشورو میں 1700 مردہ جنگلی پرندے برآمد، 5 ملزمان گرفتار
ضلع جامشورو میں محکمہ جنگلی حیات نے کارروائی کرتے ہوئے 1700 مردہ جنگلی پرندے برآمد کرلیے اور پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ محکمہ جنگلی حیات کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ وہ جنگلی پرندوں کو جال کے ذریعے پکڑتے، ذبح کرنے کے بعد فریزر میں محفوظ کرتے اور مختلف اضلاع کی مارکیٹوں میں فروخت کرتے تھے۔
برآمد کیے گئے پرندوں میں بیبلر، کوٹس، ملرڈ، پن ٹیلز اور دیگر اقسام شامل ہیں۔ سندھ وائلڈ لائف کے چیف کنزرویٹر جاوید احمد مہر کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر ان پرندوں کو کھانے کے قابل اور حلال قرار دے کر فروخت کرتے تھے، حالانکہ برآمد شدہ پرندوں میں 700 سے زائد ایسے پرندے بھی شامل ہیں جنہیں کھانے کے لیے حلال تصور نہیں کیا جاتا۔
گرفتار افراد کے خلاف سندھ وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ 2020 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جسے سمری ٹرائل کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج جامشورو کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق 2020 سے 2026 کے دوران جنگلی حیات کے قوانین کی خلاف ورزی پر 440 مقدمات درج ہوئے، جن میں سے 309 کے فیصلے ہوچکے ہیں جبکہ 131 مقدمات زیر سماعت ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی شکار اور تجارت کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔