سندھ حکومت کا ٹرانس جینڈر طلبہ کو وظائف اور تدریسی ملازمتیں دینے کا فیصلہ

0
887605267_1107048925445572_141448171074515946_n

سندھ حکومت نے ٹرانس جینڈر طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے سندھ ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ کے تحت اسکالرشپس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مطلوبہ تعلیمی اور پیشہ ورانہ قابلیت رکھنے والے افراد تدریسی ملازمتیں بھی حاصل کرسکیں گے۔

ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے وفد نے وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے ملاقات کی۔ وفد نے داخلوں، تعلیمی اداروں میں سازگار ماحول اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی کے مسائل سے آگاہ کیا۔

وفد نے کہا کہ کمیونٹی کے افراد تعلیم حاصل کرکے باعزت روزگار اور پیشہ ورانہ شعبوں میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں، جس کے لیے حکومتی سرپرستی ضروری ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ اسکالرشپس کے لیے سندھ ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ کے بورڈ اجلاس میں خصوصی منظوری حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کی بھرتیوں کی پالیسی میں ٹرانس جینڈر افراد کے لیے ملازمتوں کا کوٹہ پہلے ہی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم اور پیشہ ورانہ قابلیت کے بعد ٹرانس جینڈر افراد تدریسی شعبے میں بھی خدمات انجام دے سکتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ ٹرانس جینڈر افراد کی بامعنی سماجی شمولیت کے لیے تعلیم اور روزگار تک رسائی ضروری ہے۔ انہیں امتیاز اور سماجی رکاوٹوں کے بغیر تعلیم جاری رکھنے اور پیشہ ورانہ کیریئر اپنانے کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ معاشرے میں اس کمیونٹی کے احترام، آگاہی اور قبولیت کو فروغ دینا بھی ضروری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے