دوسری سندھ اسپیشل گیمز 2026 سکھر اختتام پذیر، میزبان ٹیم نے جنرل ٹرافی جیت لی
سندھ حکومت کے محکمہ کھیل اور محکمہ بحالی برائے خصوصی افراد کے اشتراک سے دوسری سندھ اسپیشل گیمز سکھر میں اختتام پذیر ہوگئیں۔ مقابلوں میں 850 کھلاڑیوں نے 13 کھیلوں میں حصہ لیا۔
ترجمان محکمہ کھیل کے مطابق جی آر ایس آر سی وی آئی سی سکھر نے جنرل ٹرافی جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی، جی ایس آر سی گھوٹکی دوسرے اور جی ایس ای آر سی وی آئی سی لاڑکانہ تیسرے نمبر پر رہا۔
اختتامی تقریب میں سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کمیل حیدر شاہ نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔
کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ مقابلے خصوصی بچوں کی حوصلہ افزائی اور صلاحیتیں اجاگر کرتے ہیں۔ منور علی مہیسر نے کہا کہ حکومت خصوصی افراد کو کھیلوں کے مزید مواقع دے گی۔
ویڈیو خطاب میں میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ایونٹ کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی تعلیم کے ادارے کی ترقی کے لیے 12 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔ اسکول کی بہتری، شجرکاری اور جدید لائٹنگ پر کام ہوگا۔
مقابلوں میں وہیل چیئر کرکٹ، ریس، رسہ کشی، شطرنج، 100 میٹر دوڑ، ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن شامل تھے۔