شدید خشک سالی، تھرپارکر کو آفت زدہ ضلع قرار دینے کا فیصلہ

0
Picture3

سندھ حکومت نے تھرپارکر میں شدید خشک سالی اور فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کے بعد ضلع کو آفت زدہ قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے متعلقہ محکموں کو فوری امدادی اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھرپارکر کے تمام سات تعلقوں میں خشک سالی کی صورتحال ہے، جبکہ 85 سے 90 فیصد فصلیں تباہ یا غیر پیداواری ہوچکی ہیں۔

محکمہ زراعت کے حکام کے مطابق ستمبر 2026 میں ضلع کے ساتوں تعلقوں میں صرف ایک سے 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارشوں کی کمی اور غیر متوازن تقسیم کے باعث فصلیں اور قدرتی گھاس پکنے سے پہلے ہی خشک ہوگئیں، جس سے کسانوں اور مویشی پالنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

وزیراعلیٰ نے حکام کو پینے کے پانی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے، غیر فعال آر او پلانٹس فوری بحال کرنے اور پانی کے موجودہ ذرائع فعال کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے چیف سیکریٹری کو نوکوٹ سے مٹھی تک پانی کی پائپ لائن بچھانے کی فزیبلٹی کا جائزہ لینے اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے سفارشات تیار کرنے کا حکم بھی دیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور امدادی اقدامات کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے