سندھ کے 39 آبادگاروں کا جرمن کمپنیوں سے سیلابی نقصانات پر ایک ملین یورو ہرجانے کا دعویٰ
سندھ کے 39 آبادگاروں نے 2022 کے سیلاب سے فصلوں، مویشیوں، زرعی زمینوں اور گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لیے دو جرمن کمپنیوں سے تقریباً 10 لاکھ یورو ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔
آبادگاروں نے جرمن توانائی کمپنی آر ڈبلیو ای اور سیمنٹ ساز ادارے ہائیڈلبرگ میٹریلز کے خلاف دسمبر 2025 میں جرمنی کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ دونوں کمپنیوں کے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج نے عالمی حدت میں اضافہ کیا، جس سے 2022 میں شدید بارشوں اور سیلاب کی شدت بڑھی اور سندھ میں تباہی ہوئی۔
درخواست گزاروں کا تعلق جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو اضلاع سے ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سیلاب نے فصلیں، مویشی اور گھر تباہ کردیے، جس کے باعث کئی خاندان مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔
یورپی سینٹر فار کانسٹی ٹیوشنل اینڈ ہیومن رائٹس اس مقدمے میں آبادگاروں کی معاونت کررہا ہے۔ ادارے کے مطابق دعویٰ جرمن سول قانون کے تحت دائر کیا گیا ہے اور کمپنیوں سے ان کے مبینہ اخراجاتِ آلودگی کے تناسب سے ذمہ داری قبول کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
دونوں جرمن کمپنیوں نے الزامات اور قانونی دعوے مسترد کردیے ہیں۔ مقدمے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا اور عدالتی کارروائی میں کئی سال لگنے کا امکان ہے۔