ضلع وسطی کراچی میں سرکاری ویکسین نجی اسپتال کو فروخت کرنے کا انکشاف، ویکسینیٹر معطل
ضلع وسطی میں سرکاری ای پی آئی ویکسین نجی اسپتال کو فروخت کیے جانے کا اسکینڈل سامنے آگیا۔ معاملے پر سرکاری ویکسینیٹر کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔
روزنامہ جنگ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد نے 7 نومبر کو ممتاز اسپتال پر چھاپہ مارا، جہاں سے سرکاری ویکسین برآمد ہوئیں۔ ان کے بیچ نمبرز ضلع وسطی کے ڈسٹرکٹ ویکسین اسٹور سے جاری کردہ سرکاری اسٹاک سے مطابقت رکھتے تھے۔
نجی اسپتال انتظامیہ نے ویکسین فراہم کرنے والے شخص کا نمبر دیا، جو رفاہِ عام میڈیکل سینٹر، یونین کونسل گلبرگ 8 کے سرکاری ویکسینیٹر کامران رشید کا نکلا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سینٹرل ڈاکٹر عدنان خان نے 8 نومبر کو انہیں معطل کرکے تحقیقات کا حکم جاری کیا۔
اس واقعے نے سرکاری ویکسین کی ترسیل، تقسیم اور نگرانی کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ ضلع وسطی کے دیگر نجی اسپتالوں میں بھی سرکاری ویکسین غیرقانونی طور پر فروخت کی جارہی ہوں۔
رپورٹ کے مطابق ڈی ایچ او ڈاکٹر عدنان خان سے مؤقف لینے کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم خبر کی اشاعت تک ان کا جواب موصول نہیں ہوا۔
معاملے میں صرف ایک ویکسینیٹر کی معطلی کافی نہیں، بلکہ متعلقہ نگران افسران کے کردار اور سرکاری ویکسین کی ترسیل و تقسیم کے پورے نظام کی بھی تحقیقات ضروری ہیں۔