وفاقی ملازمتوں میں سندھ کی کم نمائندگی کا معاملہ سینیٹ میں اٹھ گیا، صوبائی کوٹے پر عملدرآمد کی ہدایت
وفاقی ملازمتوں اور سرکاری کارپوریشنز میں سندھ سمیت چھوٹے صوبوں کی کم نمائندگی کا معاملہ سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے اختیارات کی منتقلی میں زیر بحث آگیا۔ کمیٹی نے وفاقی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ گریڈ 18 سے 22 تک اعلیٰ سرکاری آسامیوں پر صوبائی نمائندگی کی مکمل تفصیلات 15 دن کے اندر پیش کی جائیں۔
کنوینر کمیٹی سینیٹر بیرسٹر ضمیر حسین گھمرو کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی ملازمتوں میں سندھ اور بلوچستان کی کم نمائندگی پر تشویش ظاہر کی گئی۔ کمیٹی نے زور دیا کہ گریڈ ایک سے 22 تک تمام سطحوں پر صوبوں کے مقررہ حصے کے مطابق بھرتیاں یقینی بنائی جائیں اور موجودہ کمی کو دور کیا جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گریڈ ایک سے 15 تک بھرتیاں متعلقہ وفاقی وزارتوں، گریڈ 16 اور 17 کی تقرریاں فیڈرل پبلک سروس کمیشن جبکہ گریڈ 18 سے 22 تک اعلیٰ عہدوں پر تقرریاں وفاقی حکومت اور وزیراعظم کی سطح پر تیز کی جائیں۔
کمیٹی نے صوبائی اور مشترکہ مفادات کونسل سے متعلق امور کی نگرانی کرنے والی وفاقی وزارتوں کے خاتمے کے لیے وزیراعظم کو نئی سمری ارسال کرنے کی بھی ہدایت کی۔
سینیٹر ضمیر حسین گھمرو نے کہا کہ وفاقی حکومت کے غیر معمولی اخراجات اور بھاری قرضے ملک کے بڑے مسائل ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کا مجموعی قرضہ 135 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے، جبکہ وفاقی اخراجات تقریباً 19 ہزار ارب روپے ہیں۔
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی اداروں میں سندھ کے شہریوں کو آئینی اور مقررہ حصے کے مطابق نمائندگی دی جائے۔