انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چینی انجینئرز کی گاڑی پر فائرنگ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں ملزم داد بخش کو مجموعی طور پر 48 سال قید کی سزا سنادی۔

0
905486295_1115599737923824_5036377786850865745_n

ملزم پر کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے وابستگی کا الزام بھی ہے اور وہ کراچی یونیورسٹی میں 2022 کے خودکش دھماکے میں مبینہ سہولت کاری کے مقدمے کا بھی سامنا کررہا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نمبر چار کے جج نے جمعے کو فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو اقدام قتل کے جرم میں 10 سال، چینی انجینئر کو زخمی کرنے پر 12 سال، گاڑی کو نقصان پہنچانے پر 2 سال، دہشت گردی کے جرم میں 14 سال اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر مزید 10 سال قید کی سزا سنائی۔

عدالت کے مطابق استغاثہ نے گواہوں کے بیانات اور دیگر شواہد کے ذریعے الزامات ثابت کیے۔ تمام سزائیں بیک وقت چلیں گی، جبکہ ملزم کو گرفتاری کے بعد جیل میں گزارے گئے عرصے کا قانونی فائدہ بھی دیا جائے گا۔

استغاثہ کے مطابق 28 جولائی 2021 کو دو چینی انجینئرز ینگ زیانپو اور یوان چانگ فینگ گاڑی میں سائٹ ایریا جارہے تھے کہ گل بائی پل کے قریب موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کردی، جس سے ایک انجینئر زخمی ہوا۔

عدالت نے شریک ملزمان ناصر علی، شہزاد بلوچ، ڈاکٹر خلیل بلوچ اور میجر گورہام بلوچ کے مقدمات گرفتاری یا عدالت میں پیشی تک غیر فعال فائل میں رکھنے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ داد بخش کے خلاف کراچی یونیورسٹی دھماکے میں مبینہ سہولت کاری کا مقدمہ الگ سے زیر سماعت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے