ڈیفنس اور کلفٹن میں گھروں کو لوٹنے والا بین الصوبائی گروہ بے نقاب، خواتین گھریلو ملازمہ بن کر گھروں کی ریکی کرتی تھیں

0
906045900_1115603021256829_6166288034657577615_n

شہر کے پوش علاقوں ڈیفنس اور کلفٹن میں گھروں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث مبینہ بین الصوبائی گروہ کا انکشاف ہوا ہے، جس میں شامل خواتین گھریلو ملازمہ بن کر گھروں میں ملازمت حاصل کرتی تھیں اور بعدازاں اپنے ساتھیوں کے لیے ڈکیتی کی راہ ہموار کرتی تھیں۔

ایس ایس پی ساؤتھ منظور علی نے بتایا کہ آٹھ مردوں اور دو خواتین پر مشتمل یہ گروہ کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں وارداتیں کرتا تھا۔ ڈیفنس میں پولیس مقابلے کے دوران ایک زخمی شخص اور دو خواتین سمیت تین ملزمان گرفتار کیے گئے، جبکہ چھ ملزمان فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں خرم شہزاد عرف عرفان اشرف، ارشد علی عرف لنگڑا، نسرین اختر عرف شہناز اور صغریٰ عرف پروین شوکت شامل ہیں۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ خواتین گھروں میں ملازمت حاصل کرنے کے بعد کئی روز تک مکینوں کی نقل و حرکت، سیکیورٹی انتظامات اور گھر کی صورتحال کا جائزہ لیتی تھیں۔ بعدازاں یہ معلومات اپنے مرد ساتھیوں کو فراہم کردیتی تھیں، جو گھروں میں داخل ہوکر لوٹ مار کرتے تھے۔ خواتین مبینہ طور پر اپنے ساتھ کم عمر بچے بھی رکھتی تھیں تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔

پولیس کے مطابق گروہ پنجاب کے اضلاع لاہور، قصور اور پاکپتن سے تعلق رکھتا ہے اور کراچی میں 10 سے 15 روز قیام کے دوران وارداتیں کرکے واپس پنجاب چلا جاتا تھا۔

گرفتار ملزمان سے مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا ہے، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے