دو افراد کے قتل کے خلاف ورثاء اور شہریوں کا احتجاج، انڈس ہائی وے بند
کشمور: کشمور شہر میں گزشتہ روز نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے قتل ہونے والے پرائمری اسکول ٹیچر اللہ بچایو کلوڑ اور دکاندار کاشف کلوڑ کے قتل کے خلاف ورثاء اور شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے دونوں مقتولین کی لاشیں انڈس ہائی وے پر رکھ کر شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ مظاہرین نے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور مقتولین کے ورثاء کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انڈس ہائی وے بند ہونے کے باعث شاہراہ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک حد تک خراب ہوچکی ہے، جبکہ شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس فوری طور پر واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائے۔