سکھر میں نئی اسٹریٹ لائٹس کو بجلی کنکشن دینے کی ہدایت
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی نے سکھر میونسپل کارپوریشن کی اسٹریٹ لائٹس کو بجلی فراہم کرنے کے لیے سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کو کنکشن جاری کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ کمیٹی نے کہا کہ اس مقصد کے لیے کارپوریشن سے درخواست طلب نہ کی جائے۔
اجلاس میں رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ نے اسٹریٹ لائٹس کو کنکشن دینے کا معاملہ اٹھایا۔ سیپکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اعجاز احمد چنہ نے مؤقف اختیار کیا کہ کارپوریشن پہلے ہی اسٹریٹ لائٹس کے بلوں کی نادہندہ ہے، اس لیے قانونی طریقہ کار کے بغیر کنکشن نہیں دیے جاسکتے۔
اجلاس میں سندھ کے علاقوں، خصوصاً لاڑکانہ میں بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمروں اور تاروں کی چوری پر تشویش ظاہر کی گئی۔ سیپکو حکام نے بتایا کہ سامان کی حفاظت کے لیے نجی سیکیورٹی گارڈز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ پولیس کے تعاون کی کمی کا سامنا ہے۔
پاور ڈویژن کو چوری کے واقعات پر کارروائی اور مقدمات کی نقول کمیٹی کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ کمیٹی نے ڈیٹیکشن بلوں میں شفافیت، صارفین کو لوڈشیڈنگ سے بچانے اور ٹرانسفارمرز کے ذریعے بجلی منقطع کرنے کی تجاویز پر غور کیا۔