تھر کے کوئلے کو صنعتی ترقی کا ذریعہ بنانے کا منصوبہ
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تھر کے کوئلے کو بجلی پیدا کرنے تک محدود رکھنے کے بجائے صنعتی ترقی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ تھر کول بلاک ٹو کی سالانہ پیداواری صلاحیت 7.6 ملین ٹن سے بڑھا کر 11.2 ملین ٹن کردی گئی ہے، جس سے پیداوار میں 3.6 ملین ٹن اضافہ ہوگا۔
ان کے مطابق اضافی کوئلہ بجلی گھروں کے علاوہ دیگر صنعتی شعبوں کو بھی فراہم کیا جاسکے گا۔ کوئلے کو صنعتی استعمال کے قابل بنانے کا منصوبہ شروع کردیا گیا ہے، جبکہ تھر کو قومی ریلوے نیٹ ورک سے ملانے کے منصوبے پر 68 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔
شرجیل میمن نے واضح کیا کہ صنعتی خریداروں کو کوئلہ فروخت کرنے کے اخراجات بجلی صارفین کے ٹیرف میں شامل نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی کوئلے سے میتھانول، کیمیکلز اور کول گیسی فکیشن میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔ کوئلے کو صنعتی خام مال کے طور پر استعمال کرنے کے امکانات بھی تلاش کیے جا رہے ہیں۔
ان کے مطابق تھر کے وسائل سے صنعت اور توانائی کے تحفظ کو فروغ ملے گا۔