مبینہ پولیس مقابلوں میں ہلاکتیں حراستی اموات تصور ہوں گی، نیا حکم نامہ
پولیس سرجن ڈاکٹر ثمیہ سید نے مبینہ پولیس مقابلوں میں ہلاک افراد کے پوسٹ مارٹم اور میڈیکو لیگل کارروائی کے لیے نیا طریقہ کار نافذ کردیا ہے، جس کے تحت ایسی ہلاکتوں کو حراستی موت تصور کیا جائے گا۔
6 نومبر کو جاری حکم نامے میں تمام میڈیکو لیگل افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ مبینہ مقابلے میں ہلاک شخص کی لاش کا معائنہ ڈیڈ آن ارائیول پروٹوکول کے تحت کیا جائے اور سرٹیفکیٹ جاری کرکے کیس ضابطہ فوجداری کی دفعہ 176 کے تحت مجسٹریٹ کو بھجوایا جائے۔
پوسٹ مارٹم ٹیم کے تعین کے لیے کیس پولیس سرجن کو ارسال کرنا بھی لازمی ہوگا۔ سرٹیفکیٹ میں واقعے کی تفصیل، لاش پر اکڑن، بعد از مرگ نیل کی کیفیت، لباس اور جسم کے مختلف حصوں پر زخموں کی مجموعی تعداد درج کرنا ہوگی۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ میڈیکو لیگل افسر ابتدائی سرٹیفکیٹ میں گولی کے داخلے اور اخراج کے زخموں کی نشاندہی نہیں کرے گا۔ لاش کے ساتھ آنے والے پولیس افسر کا نام، شناختی تفصیلات اور دستخط بھی ریکارڈ کا حصہ ہوں گے۔
نئے طریقہ کار کا مقصد مبینہ مقابلوں میں ہلاکتوں کی طبی دستاویزات، عدالتی نگرانی اور تحقیقات میں شفافیت یقینی بنانا اور جوابدہی بھی بڑھانا ہے۔