کوٹری بیراج کی بندش کے دوران کراچی، حیدرآباد کو پانی کی فراہمی برقرار رکھنے کی ہدایت

0
899133663_1111299501687181_3817585780929919429_n

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ نہروں اور کوٹری بیراج کی آئندہ بندش کے دوران کراچی اور حیدرآباد کو پانی کی فراہمی میں تعطل نہ آنے دیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے پیر کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کینجھر جھیل میں پانی کے ذخیرے، کوٹری بیراج کی فزیبلٹی اور کے فور منصوبے سے منسلک کے بی فیڈر سی سی کی لائننگ کے کام کا جائزہ لیا۔

اجلاس میں وزیر آبپاشی و منصوبہ بندی جام خان شورو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سمیت متعلقہ اداروں کے حکام شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ کے بی فیڈر کی لائننگ سے نہری نظام میں پانی کے ضیاع کو کم اور کراچی کے لیے دستیاب پانی کی مقدار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے موجودہ وسائل کا بہتر استعمال اور پانی کی ترسیل کے نظام کی کارکردگی بہتر بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے محکمہ آبپاشی اور واٹر کارپوریشن کو ہدایت کی کہ دونوں شہروں کی ضروریات کا مشترکہ تخمینہ لگائیں، کینجھر جھیل کے ذخیرے کی مسلسل نگرانی کریں اور بندش سے پہلے تمام انتظامات مکمل کریں۔

اجلاس میں کوٹری بیراج کی فزیبلٹی رپورٹ بھی زیر بحث آئی۔ وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ پانی سے متعلق بڑے فیصلے تکنیکی جائزے، پائیداری اور صوبے کی طویل مدتی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے