اسلام آباد سے تصادم اور سندھ کے میں وسیع قومی اتحاد کی ضرورت
سندھ اور وفاق کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ محض سیاسی اختلاف یا اقتدار کی کشمکش نہیں، بلکہ اس کے پس پشت وسائل کی تقسیم، آئینی حقوق، صوبائی خودمختاری اور ملکی فیصلوں میں سندھ کی جائز شراکت داری جیسے کئی بنیادی سوالات موجود ہیں۔ این ایف سی ایوارڈ کی منصفانہ تشکیل، پانی کی تقسیم، قدرتی وسائل کی ملکیت، وفاقی اداروں میں نمائندگی اور ملکی پالیسی سازی میں سندھ کی شمولیت ایسے معاملات ہیں جن پر سندھ کا براہِ راست تصادم اسلام آباد کی حکمران ذہنیت سے رہا ہے۔
این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے سندھ کا مؤقف یہ ہے کہ صوبوں کے درمیان مالی وسائل صرف آبادی کی بنیاد پر تقسیم کرنے کے بجائے ان کی آمدنی میں حصے، قومی خزانے میں ان کے معاشی کردار، پسماندگی، ترقیاتی ضروریات اور وسائل کی پیداوار کو بھی مناسب اہمیت دی جانی چاہیے۔ صرف آبادی کو بنیاد بنا کر وسائل کی تقسیم کا طریقہ کار ایسی صورتِ حال پیدا کرتا ہے جس میں زیادہ آبادی کو زیادہ مالی حصے سے منسلک کر دیا جاتا ہے۔ نتیجتاً آبادی میں اضافے کو روکنے اور وسائل پر دباؤ کم کرنے کے بجائے بالواسطہ طور پر اس کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔
سندھ کا دوسرا انتہائی اہم اور دیرینہ مطالبہ پانی کے جائز حصے کا ہے۔ 1991ء کے آبی معاہدے پر اس کی روح اور اصل مقصد کے مطابق عمل کرنا وفاق کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ سندھ کے حصے کا پانی کسی کی مہربانی یا رعایت نہیں بلکہ سندھ کا تسلیم شدہ حق ہے۔ دریائے سندھ کے زیریں حصے میں واقع ہونے کی وجہ سے سندھ کو پانی کی قلت کے باعث جن ماحولیاتی، معاشی اور زرعی نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ پانی کی منصفانہ تقسیم کے بغیر سندھ کی زراعت، معیشت، ڈیلٹا اور لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ممکن نہیں۔
اسی طرح سندھ کے کوئلے، تیل، گیس اور دیگر معدنی وسائل کے بارے میں بھی اصولی مؤقف واضح ہے کہ ان وسائل پر سندھ کے حق اور اس کی اولین ترجیح کو تسلیم کیا جائے۔ سندھ کی سرزمین سے نکلنے والی قدرتی دولت کے ثمرات سندھ کے عوام تک پہنچنے چاہئیں۔ وسائل کے استعمال، آمدنی کی تقسیم اور ترقیاتی منصوبوں میں مقامی آبادی کے مفادات کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ آخر یہ کون سا انصاف ہے کہ کسی خطے کے وسائل پورے ملک کی معیشت میں استعمال ہوں، لیکن اسی خطے کے عوام خود غربت، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کا سامنا کرتے رہیں؟
سندھ کا مطالبہ مکمل صوبائی خودمختاری کا بھی ہے، تاکہ صوبہ اپنے آئینی دائرہ اختیار کے اندر اپنے معاملات کے بارے میں آزادانہ فیصلے کر سکے۔ اسی کے ساتھ ملکی پالیسیوں، اہم قومی فیصلوں اور وفاقی اداروں میں سندھ کی مؤثر شمولیت کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔ وفاق کے ماتحت اداروں، سرکاری ملازمتوں اور دیگر شعبوں میں سندھ کو اس کا جائز آئینی اور آبادی کے تناسب سے حصہ ملنا چاہیے۔ وفاق کا تصور اسی وقت مضبوط ہو سکتا ہے جب اس کی تمام اکائیوں کو برابری، عزت اور اعتماد کی بنیاد پر متحد رکھا جائے۔
اگر سندھ کو اس کا جائز مالی حصہ، پانی، معدنی وسائل میں حق اور سیاسی اختیارات حاصل ہوتے ہیں تو اس کے فوائد صرف کشمور، کندھ کوٹ، گڑھی خیرو، سکرنڈ، لاڑکانہ یا تھرپارکر تک محدود نہیں رہیں گے، بلکہ لطیف آباد، لالو کھیت اور کراچی کے ہر محلے تک پہنچیں گے۔ سندھ کی معاشی خوشحالی، روزگار کے مواقع، بہتر تعلیم، صحت کی سہولیات اور ترقی کے مثبت اثرات سندھ میں رہنے والے ہر شخص کی زندگی پر مرتب ہوں گے۔ اس لیے سندھ کے حقوق کی جدوجہد کو سندھ کے مختلف شہروں، زبانوں اور نسلی پس منظر رکھنے والی آبادیوں کے درمیان اختلافات سے جوڑنا سیاسی طور پر بھی غلط ہے اور سندھ کے اجتماعی مفادات کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔
سندھ کی تقسیم کے کسی بھی منصوبے کو روکنے کے لیے سندھ میں رہنے والی تمام مستقل آبادیوں کے درمیان وسیع، جمہوری اور پُرامن اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سندھ میں آباد پشتون، گلگتی، ہزارہ، سرائیکی، پنجابی، بلوچ اور دیگر زبانوں اور ثقافتی پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو سندھ کے اجتماعی مستقبل کا حصہ سمجھنا چاہیے۔ سندھ کی سرزمین پر مستقل طور پر آباد اور اپنے زندگی کے مفادات اس دھرتی سے وابستہ کرنے والے تمام لوگ سندھ کے امن، ترقی اور وحدت کے شراکت دار ہیں۔ انہیں ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے کے بجائے مشترکہ حقوق اور مشترکہ مستقبل کی بنیاد پر متحد کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بات بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ سندھ کی انتظامی یا جغرافیائی تقسیم سے متعلق کسی بھی منصوبے کی سیاسی اور حکومتی ذمہ داری کا تعین الزامات کی بنیاد پر نہیں بلکہ اس کی اصل پالیسی، تجویز اور فیصلہ سازی کے مرکز کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ اگر ایسا کوئی منصوبہ وفاقی اقتدار کے مراکز سے آگے بڑھایا جاتا ہے تو اس کے خلاف سندھ کا احتجاج اور جمہوری جدوجہد بھی انہی پالیسی ساز مراکز کی طرف متوجہ ہوگی۔ سندھ میں آباد مختلف آبادیوں کو ایک دوسرے کا مخالف بنانے کے بجائے ایسی تقسیم کی ہر کوشش کو مشترکہ سیاسی آواز، آئینی جدوجہد اور جمہوری مزاحمت کے ذریعے روکنا چاہیے۔