سینئر صحافی ذلف پیرزادہ کی 66ویں سالگرہ کے موقع پر فریئر ہال میں تقریب، میڈیا کی آزادی اور ریاستی کنٹرول پر اظہارِ خیال

0
Picture1

کراچی: سینئر صحافی ذلف پیرزادہ کی 66ویں سالگرہ کے موقع پر کراچی کے فریئر ہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا عنوان ’’میڈیا زیرِ محاصرہ: طبقاتی طاقت، ریاستی کنٹرول اور عوامی بیانیے کی جدوجہد‘‘ تھا۔ تقریب میں صحافیوں، ادیبوں، دانشوروں اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر توصیف احمد خان نے کہا کہ اخبارات کو محدود کرنے کے لیے برطانوی حکومت نے 1822ء میں جو قانون متعارف کرایا تھا، اس کی متعدد شقیں آج بھی برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان تضاد کی بنیاد ون یونٹ کے قیام میں پوشیدہ ہے۔

سینئر صحافی سہیل سانگی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذلف پیرزادہ ہمیشہ اپنی دھرتی اور عوام سے جڑے رہے اور ان کے حقوق کے معاملے پر کبھی سودے بازی نہیں کی۔ انعام شیخ نے کہا کہ بھلڑیجی کے لوگ جہاں بھی جاتے ہیں، اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس علاقے نے ہمیشہ باصلاحیت افراد پیدا کیے ہیں۔

مہیش کمار نے اپنے خطاب میں بتایا کہ انہوں نے کالا باغ ڈیم کی حمایت میں خبریں اور اشتہارات شائع کرنے کے دباؤ کو قبول کرنے کے بجائے اپنی ملازمت چھوڑنے کو ترجیح دی تھی۔

تقریب میں زرار پیرزادہ، ذلفی چاچڑ، وحید سموں، آغا سعید سمیت متعدد صحافیوں، ادیبوں اور دانشوروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی، جن میں خالدا پیرزادہ، صوفیہ پیرزادہ، ورثا پیرزادہ، حفصہ، کنزا سلطانہ، کونج لاشاری، افشاں راجپر اور ہما عباسی شامل تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے