جعلی حاضری پر سندھ کے اساتذہ اور اسکول ملازمین کو برطرفی کی وارننگ
سندھ حکومت نے سرکاری اسکولوں میں جعلی حاضری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کرتے ہوئے ملوث تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو برطرف کرنے کا انتباہ دیا ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے 6 نومبر کے نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ اسکول میں موجود ہوئے بغیر کسی دوسرے شخص کے ذریعے حاضری لگوانے یا ڈیجیٹل ریکارڈ میں ردوبدل کرنے والے ملازمین غیر مجاز غیر حاضر تصور ہوں گے۔
محکمے نے ایسے ملازمین کے خلاف سندھ سول سرونٹس ایکٹ 1973 اور متعلقہ قواعد کے تحت کارروائی کی ہدایت کی ہے، جس کے نتیجے میں ملازمت سے برطرفی بھی ہوسکتی ہے۔
جعلی حاضری میں سہولت فراہم کرنے والوں کو بھی کارروائی سے خبردار کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری اسکولوں میں اچانک معائنے ہوں گے اور عملے کی موجودگی کا حاضری ریکارڈ سے موازنہ کیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم نے حکام کو ہدایات پر عملدرآمد اور نگرانی کے نظام میں خامیوں کے غلط استعمال کی روک تھام یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ صرف ڈیجیٹل حاضری درج کرنا کافی نہیں، اسکول میں جسمانی موجودگی لازمی ہے۔