سندھ حکومت کا سرکاری پیٹرول گاڑیوں کو مرحلہ وار الیکٹرک گاڑیوں سے تبدیل کرنے کا فیصلہ

0
907060020_1115601051257026_9179500089975762170_n

سندھ حکومت نے سرکاری محکموں میں استعمال ہونے والی روایتی پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کو مرحلہ وار الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری اخراجات اور ایندھن کے استعمال میں کمی کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہے۔

یہ فیصلہ سینیئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے کفایت شعاری کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، متعلقہ صوبائی سیکریٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں سرکاری اخراجات کم کرنے، ایندھن کی بچت اور مختلف محکموں کی گاڑیوں کی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر محکمہ داخلہ، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ کے لیے نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ مستقبل میں سرکاری محکموں کے لیے گاڑیوں کی خریداری میں الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی اور بتدریج پورے سرکاری گاڑیوں کے نظام کو ماحول دوست ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس تبدیلی سے ایندھن کے اخراجات اور سرکاری خزانے پر مالی بوجھ کم ہوگا۔

صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ روایتی گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں شہری ماحول اور فضائی معیار کو متاثر کرتا ہے، اس لیے بلدیاتی اداروں میں بھی الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔

حکومت کے مطابق یہ منتقلی مرحلہ وار ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے