سندھ پولیس میں چینی باشندوں کی حفاظت کے لیے خصوصی یونٹ بنانے کا فیصلہ

1337502_3302355_4_akhbar

سندھ میں مقیم چینی باشندوں کے لیے سندھ پولیس میں خصوصی یونٹ بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس پر کام بھی شروع کردیا گیا۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس غلام نبی میمن نے پولیس کے اعلی عہدیداروں جو ہدایت کی ہے کہ چائنیز باشندوں کی سیکورٹی کے حوالے سے علیحدہ شعبہ قائم کیا جائے۔

آئی جی کے مطابق حکومت سندھ کے جاری ایس او پی کے مطابق خصوصی یونٹ کی تمام تر ترجیحات کا تعین کیا جائے۔

غلام نبی میمن کی صدارت میں اعلٰی سطح کا اجلاس سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقد ہوا، اجلاس میں ایڈشنل آئی جیز کراچی، سی ٹی ڈی، ڈی آئی جیز، اسپیشل برانچ، سی پیک اور ایس پی فارنرز سیکیورٹی سیل سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں حیدرآباد، سکھر ، لاڑکانہ، میرپور خاص اور شہید بینظیرآباد پولیس رینج کے ڈی آئی جیز نے بزریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ اسپیشل برانچ میں چائنیز باشندوں کی سیکورٹی کے حوالے سے علیحدہ شعبہ/یونٹ کا قیام عمل میں لایا جائے، غیر ملکی مہمانوں/مندوبین کی سیکیورٹی سے متعلق حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ ایس او پی پر اسکی تمام تر ترجیحات کے عین مطابق عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔