سمندر سے 35 فٹ طویل بلیو وہیل کی لاش برآمد

پاکستان اور ایران کی سمندری سرحد کے قریب واقع دور دراز ساحلی علاقے جی واٹر میں تقریباً 35 فٹ لمبی نیلی وہیل (بلو وھیل) کی لاش ملی ہے۔
مقامی ماہی گیر احمد بلوچ نے یہ لاش بلوچستان کے کنتانی علاقے کے قریب سمندر میں تیرتی ہوئی دیکھی۔
ماہرین کے مطابق یہ شاید پگمی بلو وھیل تھی جو کئی دن پہلے سمندر میں ہلاک ہوئی اور تیز لہروں کے باعث کنارے پر آ پہنچی۔
اگرچہ وہیل کی موت کی درست وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ مچھلیاں پکڑنے والے جالوں (گل نیٹس) میں پھنس کر ہلاک ہوئی ہو گی، جو اکثر گہرے پانیوں میں استعمال ہوتے ہیں۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے وہیل کی موت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے بحری حیات کے تحفظ کی کوششوں کے لیے ایک دھچکہ قرار دیا ہے۔
ادارے کے ٹیکنیکل ایڈوائزر محمد معظم خان نے اس واقعے کو ’’افسوسناک خبر‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ معدومیت کے خطرے سے دوچار اقسام جیسے کہ بلو وھیل کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔