خواتین صحافیوں کے لیے لیڈرشپ تربیتی ورکشاپ منعقد
خواتین صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے لیڈرشپ کی دو روزہ تربیتی ورکشاپ سینٹر فار ایکسیلینس اِن جرنلزم (سی ای جے)، آئی بی اے سٹی کیمپس میں منعقد ہوئی۔
ورکشاپ کا انعقاد ارادا (فاؤنڈیشن فار ریسرچ اینڈ ایڈووکیسی) نے کینیڈین فنڈ فار لوکل انیشی ایٹوز کے تعاون سے کیا، جس میں نوجوان خواتین صحافیوں نے شرکت کی۔ تربیت کا مقصد میڈیا کے شعبے میں کام کرنے والی خواتین کو لیڈرشپ، مذاکرات، تحفظ اور فیصلہ سازی سے متعلق عملی مہارتیں فراہم کرنا تھا۔
شرکاء کو نیوز رومز میں طاقت کے ڈھانچے، صنفی تنخواہی فرق، ترقی میں حائل رکاوٹوں اور امتیازی رویوں جیسے موضوعات پر آگاہی دی گئی۔ اس کے علاوہ پریس کلبز اور صحافتی تنظیموں میں خواتین کی نمائندگی اور کردار پر بھی گفتگو کی گئی۔
ورکشاپ میں انتخابات میں حصہ لینے، اتحاد سازی، پالیسی پر اثرانداز ہونے اور ادارتی سطح پر مؤثر کردار ادا کرنے سے متعلق عملی رہنمائی فراہم کی گئی، جبکہ نیٹ ورکنگ اور اجتماعی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
ارادا کی پروگرام مینیجر سلوٰی رانا کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد خواتین صحافیوں کو لیڈرشپ کے لیے بااختیار بنانا اور میڈیا کے شعبے کو زیادہ جامع اور جوابدہ بنانا ہے۔
ورکشاپ میں شریک صحافیوں نے اسے مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں میڈیا میں موجود چیلنجز کو سمجھنے اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے میں مدد ملی۔