شاعرہ نسرین الطاف انتقال کر گئیں

سندھی ادبی سنگت کی سابقہ مرکزی جوائنٹ سیکرٹری اور محکمہ تعلیم سندھ کی سابق افسر شاعرہ نسرین الطاف دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئیں۔
نسرین الطاف ادب حلقے میں بہت معروف تھیں، انہوں نے سندھ کے دیرینہ مسائل پر مزاحمتی شاعری کرنے سمیت سندھ کے سیاسی، سماجی اور خواتین کو درپیش مسائل پر اخبارات میں مضامین بھی لکھے۔
وہ محکمہ تعلیم میں بطور ٹیچر شامل ہوئی تھیں لیکن افسر بن کر ریٹائرڈ ہوئیں، وہ سندھ کی سب سے بڑی ادبی تنظیم سندھی ادبی سنگت کی متحرک رہنما رہیں، انہوں نے خواتین اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں میں بھی متحرک کردار ادا کیا۔
نسرین الطاف اپنی شاعری کی وجہ سے کافی مشہور تھیں، ان کا شمار موجودہ دور کی چند بہترین خواتین شاعراؤں میں ہوتا تھا، وہ نوجوان نسل میں بھی کافی مقبول تھیں۔
نسرین الطاف کو کوئی دیرینہ عارضہ لاحق نہیں تھا، تاہم خاندانی ذرائع کے مطابق انہیں 19 اور 20 جون کی درمیانی شب دل کا دورہ پڑا، جس میں وہ جاں بر نہ ہوسکیں اور کراچی میں انتقال کر گئیں۔