عوامی ورکرز پارٹی مارکسسٹ کی جانب سے ”سندھ بچاؤ عوامی ریلی“ نکالی گئی

0
111

کشمور: عوامی ورکرز پارٹی مارکسسٹ ضلع کشمور کندھ کوٹ، کشمور یونٹ اور گڈو یونٹ کی مشترکہ اپیل پر سندھ کی وحدت، پانی، امن و امان اور محنت کش عوام کے بنیادی حقوق کے لیے ”سندھ بچاؤ عوامی ریلی“ نکالی گئی۔ ریلی پرانے نادرا آفس سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب کشمور پہنچی اور جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ ریلی میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی، سندھ ترقی پسند پارٹی، جسقم (آریسر) اور جسقم (بشیر خان) کے رہنماؤں اور کارکنوں سمیت مزدوروں، ہاریوں، طالب علموں، ادیبوں، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور عوامی مسائل کے خلاف یک زبان ہو کر احتجاج کیا۔

اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی وحدت، زمین اور پانی کا تحفظ عوام کا بنیادی اور آئینی حق ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں سندھ کے پانی اور قدرتی وسائل کے حوالے سے عوام کے خدشات کو نظر انداز کرنا بند کریں اور ایسی تمام پالیسیاں فوری طور پر ختم کی جائیں جو سندھیوں کے معاشی اور سماجی حقوق کو متاثر کرتی ہیں۔

رہنماؤں نے ضلع کشمور کندھ کوٹ میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اغوا، ڈکیتی، قتل اور مسلح قبائلی تنازعات نے عام شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ امن و امان قائم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، لہٰذا قانون نافذ کرنے والے ادارے بغیر کسی سیاسی یا قبائلی تفریق کے مجرموں اور مسلح گروہوں کے خلاف موثر قانونی کارروائی کرکے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے