صحافی کے اغوا پر سندھ، پنجاب قومی شاہراہ بند، صحافیوں کا دھرنا
خانپور مہر سے تعلق رکھنے والے نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر عظیم سیال کے مبینہ اغوا کے خلاف صحافی برادری نے احتجاج کرتے ہوئے سندھ، پنجاب قومی شاہراہ پر دھرنا دے دیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
دستیاب اطلاعات کے مطابق عظیم سیال ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب خانپور مہر سے گھر جاتے ہوئے لاپتا ہوئے، جبکہ ان کی گاڑی پنوعاقل کے علاقے سدوجا سے لاوارث حالت میں ملی۔ پولیس نے گاڑی تحویل میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
واقعے پر وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی سکھر سے رپورٹ طلب کی اور واقعے کی شفاف و جامع تحقیقات کے ساتھ صحافی کی بحفاظت بازیابی کی ہدایت کی۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بھی متعلقہ پولیس افسران کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
عظیم سیال کی بازیابی کے لیے گھوٹکی، خانپور مہر، اوباڑو اور دیگر علاقوں میں صحافیوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے حکومت اور پولیس سے مغوی صحافی کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
واقعے نے سندھ میں صحافیوں اور عام شہریوں کے تحفظ سے متعلق سوالات بھی دوبارہ اٹھا دیے ہیں۔