سندھ میں آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل آگاہی کا پروگرام شروع

0

زندگی ٹرسٹ نے میٹا اور دربین کے اشتراک سے سندھ بھر میں والدین، نوجوانوں اور اساتذہ کے لیے آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل خواندگی کا پروگرام ’’سمجھ بھی، سیفٹی بھی‘‘ شروع کردیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو انٹرنیٹ کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کے قابل بنانا ہے۔

پروگرام کا افتتاح 26 اکتوبر کو سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ اسکول میں کیا گیا۔ یہ اسکول زندگی ٹرسٹ کے زیرِ انتظام ہے۔ تقریب میں سندھ حکومت کے نمائندوں، اساتذہ، والدین اور طلبہ نے شرکت کی۔

پروگرام کے تحت زندگی ٹرسٹ کے اسکولوں میں 13 سے 18 سال کی عمر کے نوجوانوں اور ان کے والدین کے لیے عملی تربیتی نشستیں منعقد کی جائیں گی، جن میں آن لائن خطرات سے بچاؤ کے طریقے سکھائے جائیں گے۔ دربین اپنے اساتذہ کی تربیت کے پروگرام میں بھی آن لائن تحفظ سے متعلق مواد شامل کرے گا۔

تربیت میں آن لائن فراڈ، غلط معلومات، بچوں کے تحفظ اور مصنوعی ذہانت سے پیدا ہونے والے نئے مسائل پر توجہ دی جائے گی، تاکہ اساتذہ طلبہ کی بہتر رہنمائی کرسکیں۔

سندھ حکومت کے وزیرِ آئی ٹی علی رشید نے کہا کہ ڈیجیٹل ترقی کا مقصد صرف لوگوں کو ٹیکنالوجی سے جوڑنا نہیں، بلکہ انہیں اس کے محفوظ اور مؤثر استعمال کے قابل بنانا بھی ہے۔ زندگی ٹرسٹ کے بانی شہزاد رائے نے کہا کہ اس اشتراک سے بچوں کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ اور پراعتماد انداز میں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔

منتظمین کے مطابق پروگرام سندھ کے مختلف مقامات پر شروع ہوچکا ہے اور مستقبل میں اسے ملک بھر میں وسعت دینے کا منصوبہ ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے