بادل راہی کینسر سے جنگ ہار گئے، ان کے انتقال سے موسیقی کا ایک دور ختم ہوگیا
سندھ کے معروف لوک گلوکار اور موسیقار بادل راہی کینسر سے جنگ لڑتے ہوئے انتقال کر گئے، ان کے انتقال سے سندھی موسیقی کا ایک دور ختم ہوگیا۔ ان کا تعلق بدین سے تھا اور وہ اپنی منفرد آواز، دلکش انداز اور لوک گیتوں کی وجہ سے سندھ بھر میں پہچانے جاتے تھے۔
بادل راہی نے سندھی موسیقی کے فروغ اور ثقافت کی نمائندگی کرتے ہوئے کئی یادگار گیت گائے، جن میں ’’چھڈ رسن‘‘، ’’ضد تان لاہی ونجھ ری‘‘، ’’ڈسیو سرھوں پچون تھا‘‘ اور ’’کچھ ننگر جی کچھیانی‘‘ شامل ہیں۔ ان کے گیت آج بھی موسیقی کے شائقین میں مقبول ہیں۔
گلوکار طویل عرصے سے علیل تھے۔ ان کی بیماری سے متعلق سامنے آنے والی معلومات کے مطابق انہیں پھیپھڑوں کا کینسر لاحق تھا، جبکہ وہ ہیپاٹائٹس بی اور پتے کی پتھری جیسے دیگر طبی مسائل کا بھی شکار تھے۔ بیماری کے دوران ان کے علاج کے لیے مالی اور طبی مدد کی اپیلیں بھی کی گئی تھیں۔
بادل راہی کی وفات سندھ کی موسیقی اور فنون کی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ ان کے گیت، آواز اور فن ہمیشہ ان کے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔