شدید گرمی کا توڑ ’تھادل‘ اہلیان سندھ کا پسندیدہ مشروب
گرمی کے بڑھتے ہی سندھ کے روایتی اور ثقافتی مشروب تھادل کے اسٹالز پر گرمی کے ستائے شہریوں کا رش بڑھ گیا، لوگ دن بھر کی تھکن کا احساس کم کرنے کے لئے تھادل کا استعمال کرتے ہیں۔
تھادل ، سندھ کا روایتی مشروب ہے۔ اسے بادام، کالی مرچ، خشخش اور دیگر اجزاء سے مل کر بنایا جاتا ہے۔ سندھ کے متعدد شہروں خاص کر سکھر میں یہ بڑے پیمانے پر ’پبلک ڈیمانڈ‘ میں ہے۔ اسے بڑے پیمانے پر پسند کئے جانے کا ایک سبب اس کا مزیدار ذائقہ ہے۔ تھادل کے بارے میں روایت ہے کہ یہ جگر کے مرض میں بہت سُود مند ہے۔
تھادل کی مقبولیت اور استعمال کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کسی بھی لنک روڈ، بازاروں یا قومی شاہراہ پر سفر کے دوران ہر ایک کلو میٹر پر تھادل کے ٹھیلے نظر آتے ہیں جو لوگوں کو گرمیوں میں ٹھنڈک پہنچانے کے علاوہ ایک روزگار کا زریعہ بھی بنے ہوئے ہیں۔
موسم گرما میں بالائی سندھ اور بلوچستان کے جنوب مشرقی علاقوں کا درجہ حرارت50 ڈگری تک پہنچ جاتا ہے تو گرمی کے موسم کے آغاز سے ان علاقوں کی شاہراہوں کے مختلف مقامات پر رنگ برنگے اسٹال سج جاتے ہیں جس میں خود ساختہ طور پر تیار کردہ مشروب تھادل فروخت کیا جاتا ہے۔
اس سلسلے میں سندھ کے شہر سکھر میں سورج کا پارہ چڑھا تو شہریوں کو ٹھنڈے ٹھار مشروب تھادل کی یاد آگئی شہر کے مختلف علاقوں میں لگے روایتی مشروب تھادل کے اسٹالز پر شہری جوق در جوق چلے آئے۔
آگ برساتے سورج اور شدید گرمی میں تھادل پینے سے گرمی کی شدت میں کمی ہوجاتی ہے، ایسے میں گرمی کے ستائے شہری سندھ کا ثقافتی مشروب تھادل بڑے ذوق و شوق سے پیتے ہیں۔
تھادل کی تیاری پہلے ہاتھ سے کی جاتی تھی لیکن جدید دور کے ساتھ ساتھ اس میں جدت آگئی ہے اس مشروب میں شامل کیے والے تمام اجزاء کو ایک بڑی سی مکسر مشین میں ڈال کر تھادل تیار کیا جاتا ہے تھادل انسانی جسم کے لئے انتہائی مفید ہے۔