منتخب بلدیاتی ارکان 22 مئی کو حلف اٹھائیں گے

فائل فوٹو

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سندھ لوکل گورنمنٹ انتخابات میں تمام منتخب ارکان کی تقریب حلف برداری 22 مئی کو ہوگی، جبکہ مخصوص نشستوں پر الیکشن کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 22 مئی کو منتخب یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین، ممبر ڈسڑکٹ کونسلز اور وارڈ کونسلرز کا حلف ہوگا۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سندھ میں تمام کیٹگریز کی مخصوص نشستوں پر انتخاب کا شیڈول جاری کیا ہے، انتخابات کے لیے ڈی آر اوز، آر اوز کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔

انتخابی شیڈول کے تحت یونین کونسلز اور یونین کمیٹیز میں اقلیت کی 1 خاتون 2، نوجوان 1 اور مزدور یا کسان کی 1 نشست پر امیدوار 22 سے 24 مئی تک کاغذات جمع کراسکیں گے۔

امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال 26 مئی تک ہوگی، 6 جون کو مخصوص نشستوں پر الیکشن اور 14 جون کو حلف ہوگا۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، ڈسٹرکٹ کونسلز اور ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کی مخصوص نشستوں پر منتخب مخصوص افراد کی حلف برداری 10 جون کو ہوگی۔میونسپل کمیٹیز، ڈسڑکٹ کونسل، بلدیہ عظمی کراچی، ٹاؤن کمیٹیز اور ٹاؤن میونسپل کونسلز کی مخصوص نشستوں پر بھی 24 مئی تک کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے۔3 سے 4 جون کے دوران سیاسی جماعتوں کی نشستوں کی بنیاد پر کراچی میونسپل کارپوریشن اور 25 ٹاؤنز میں مخصوص نشستوں کی تقسیم ہوگی۔

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواجہ سراؤں کو سندھ کی بلدیاتی کونسلز میں مخصوص نشستوں کے ذریعے نمائندگی ملے گی۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی نشستوں کی تعداد 99، جماعت اسلامی 86، پی ٹی آئی 41 اور مسلم لیگ ن 7 نشستوں پر کامیاب ہوئی۔