ڈاکوؤں کو للکارنے والی اینکر سوہنی پارس کو سندھ پولیس کی شاباش

کچے کے ڈاکوؤں کو للکارنے اور ان کے خلاف کھل کر بات کرنے والی اینکر، صحافی اور سماجی کارکن سوہنی پارس کی بہادری کی تعریفیں کرتے ہوئے سندھ پولیس نے انہیں شاباشی دی ہے۔

سوہنی پارس نے سوشل میڈیا پوسٹس اور اپنی ویڈیوز کے ذریعے سندھ بھر میں اور خصوصی طور پر ضلع گھوٹکی، کشمور ایٹ کندھ کوٹ اور شکارپور کے کچے کے علاقوں میں بڑھتی بد امنی اور ڈاکو راج کے خلاف کھل کر باتیں کی تھیں۔

انہوں نے سندھی زبان میں شیئر کی گئی اپنی ویڈیوز اور پوسٹس میں سندھ میں بڑھتے دھاڑیل یعنی ڈاکو کلچر کا مبینہ ذمہ دار سرداروں، وڈیروں اور سیاست دانوں کو دیا تھا اور یہ بھی بتایا تھا کہ ممکنہ طور پر ڈاکو پولیس کے گٹھ جوڑ سے طاقتور بنتے جا رہے ہیں۔

سوہنی پارس کی ویڈیوز اتنی وائرل ہوئیں کہ بعض لوگوں نے ان کی تعریفیں کرنے کے بجائے ان پر تنقید کی کہ وہ شہرت حاصل کرنے کے لیے ڈاکوؤں کے خلاف بات کر رہی ہیں۔

لوگوں کی تنقید کی پرواہ کیے بغیر سوہنی پارس نے ڈاکوؤں کے خلاف بات جاری رکھی اور انہوں نے ضلع گھوٹکی میں ڈاکوؤں کے سردار ثنا اللہ شر کو مخاطب ہوتے ہوئے بھی ان پر سخت تنقید کی، جس کے بعد مبینہ طور پر ڈاکوؤں کے سردار نے بھی اینکر کے لیے متعدد ویڈیوز جاری کیں۔

ڈاکوؤن کے سردار ثنا اللہ شر نے سوہنی پارس کے لیے ویڈیوز جاری کرتے ہوئے انہیں کچے میں آنے کی دعوت دے دی اور ساتھ ہی ان سے نامناسب انداز میں بات کرکے انہیں کہا کہ وہ کچے آئیں تو ڈکیتیاں چھوڑ دیں گے۔

ڈاکوؤں کی جانب سے سوہنی پارس کے لیے ویڈیوز جاری ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کا نام ٹرینڈ بھی کرنے لگا تھا اور اب سندھ پولیس نے ان کی بہادری کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں شاباشی دے دی۔

ضلع گھوٹکی کے ’سپرنٹنڈنٹ آف پولیس‘ (ایس پی) تنویر تنیو کی جانب سے جاری کردہ خط میں سوہنی پارس کی بہادری کی تعریفیں کی گئیں اور انہیں نہ صرف خواتین بلکہ سندھی سماج کی مثالی شخصیت قرار دیا گیا۔

ایس پی کی جانب سے لکھے گئے خط میں سوہنی پارس کو بے آوازوں کی آواز قرار دے کر ان کی جانب سے ڈاکوؤں کے خلاف بات کرنے کو سراہا گیا اور انہیں تعاون کی مکمل یقین دہانی کروائی گئی۔

سندھ پولیس کی جانب سے شاباشی ملنے کے بعد سوہنی پارس کا نام ایک بار سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا اور دوسرے لوگوں نے بھی خاتون اینکر کی تعریفیں کیں۔

سوہنی پارس طویل عرصے سے میڈیا سے وابستہ ہیں، وہ رپورٹر بھی رہ چکی ہیں جب کہ کرنٹ افیئرز کے پروگرامات کرنے سمیت شوبز اور کلچر کے پروگرامات کی میزبانی بھی کرتی رہی ہیں۔

اس وقت سوہنی پارس پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کی سندھی نشریات سے وابستہ ہیں، تاہم وہ ریڈیو پاکستان سمیت دیگر ٹی وی چینلز پر بھی دکھائی دیتی ہیں جب کہ وہ سوشل میڈیا پر بھی متحرک رہتی ہیں۔