سندھ کے سرکاری گوداموں سے ڈھائی لاکھ گندم کی بوریاں غائب
محکمہ خوراک سندھ نے صوبے کے 12 اضلاع کے گوداموں سے 2 لاکھ 66 ہزار،453 گندم کی بوریاں غائب ہونے کی تصدیق کردی۔
گزشتہ سال بھی صوبے میں 2 ارب 80 کروڑ روپے کی گندم چوری ہوئی تھی۔
صوبائی حکومت نے گندم چوری ہونے کے اسباب جاننے کیلیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی۔
محکمہ خوراک کی جانب سے پہلی فزیکل ویری فکیشن رپورٹ میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں اور رپورٹ میں سندھ کے 12 اضلاع کے گوداموں سے 2 لاکھ 66 ہزار،453 گندم کی بوریاں غائب ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
محکمہ خوراک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں گندم کی بمپر فصل ہونے کے باوجود محکمہ خریداری کا ہدف پورا نہ کر سکا، اور 14 لاکھ میٹرک ٹن میں سے صرف 7 لاکھ 7 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی جا سکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں بینکوں سے قرض لے کر خریدی ہوئی 2 ارب 67 کروڑ روپے کی گندم گوداموں سے غائب ہوئی ہے۔