قومی میڈیا کی جانب سے ایک بار پھر نفرت انگیز کراچی اور اندرون سندھ کی شہ سرخیاں
ملک کی قومی میڈیا کہلانے والے بڑے ٹی وی چینلز اور اخبارات نے ایک بار پھر سندھ کے حوالے سے دی گئی خبر کی نفرت انگیز شہ سرخیاں دے کر سندھ کے عوام میں اشتعال پھیلا دیا۔
متعدد ٹی وی چینلز اور اخبارات نے 3 ستمبر کو نگران وزیر داخلہ برگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز کی خبر شائع کرتے ہوئے ہیڈ لائنز میں کراچی اور اندرون سندھ کا بددیانتی پر مبنی جملہ استعمال کیا جب کہ خبر میں بھی بار بار اسی جملے کو دہرایا گیا۔
مذکورہ خبر نگران وزیر داخلہ حارث نواز کی جانب سے تین ستمبر کو مکلی بائی پاس پر میڈیا سے کی گئی گفتگو پر مبنی تھی، جس میں انہوں کیا تھا کہ جلد ہی صوبے بھر میں رینجرز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن کیا جائے گا۔ ان کے حوالے سے ٹی وی چینلز اور اخبارات نے خبر دی کہ وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ کراچی اور اندرون سندھ میں بڑی کارروائیوں کی تیاری کر رہے ہیں، آج کل میں نئے افسران آجائیں گے جس کے بعد آپریشن ہوگا۔
قومی میڈیا کی جانب سے ایک بار پھر نفرت انگیز کراچی اور اندرون سندھ کی شہ سرخیاں
تفصیلات جانیں : https://t.co/j6FXo7arge#journalism #Sindh #SindhMatters pic.twitter.com/w0fIwcCsGz
— Sindh Matters – سندھ میٹرز (@SindhMatters) September 4, 2023
قومی میڈیا کی جانب سے کراچی اور اندرون سندھ کے جملے کو بار بار لکھے جانے پر سندھ کے عوام نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے ایسی شہ سرخیوں اور جملوں کو نفرت انگیز قرار دیا۔
کراچی اور اندرون سندھ کے جملے جیو، جنگ، اے آر وائی، آج اور دنیا نیوز سمیت دیگر نشریاتی اداروں کی جانب سے استعمال کیے گئے۔ اس سے قبل بھی قومی میڈیا متعدد بار اپنی خبروں کی شہ سرخیوں میں کراچی اور سندھ کے جملے استعمال کر چکا ہے۔