خانگڑھ میں کار کی ٹکر سے کچلے جانے کے باعث ریٹائرڈ نائب قاصد جاں بحق واقعے کی شفاف تحقیقات اور ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ
گھوٹکی: ضلع گھوٹکی کی تحصیل خانگڑھ کے گاؤں علی مہر اسکول سے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے نائب قاصد قلندر بخش مہر کار کی ٹکر اور مبینہ طور پر جان بوجھ کر کچلے جانے کے باعث زخمی ہونے کے بعد رحیم یار خان کے اسپتال میں دم توڑ گئے۔ واقعے میں خانگڑھ کی درگاہ احمدیہ سے تعلق رکھنے والے ایک بااثر شخص کا نام سامنے آنے کے بعد علاقے میں تشویش اور غم و غصے کی لہر پھیل گئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق قلندر بخش مہر کو پہلے کار کی ٹکر ماری گئی، جس کے بعد مبینہ طور پر دو مرتبہ گاڑی ان کے اوپر چڑھا کر انہیں کچل دیا گیا۔ شدید زخمی حالت میں انہیں رحیم یار خان کے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کے حوالے سے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مبینہ ملزم کے بارے میں ماضی میں بھی اس نوعیت کے واقعات اور غیر ذمہ دارانہ حرکات کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، جبکہ ان کی مبینہ نشے کی عادت اور رویوں کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
تاہم ان الزامات کی تصدیق اور واقعے کی اصل حقیقت سامنے لانے کے لیے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ناگزیر ہیں۔ اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ دار ملزم کو فوری گرفتار کیا جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔