گھوٹکی میں ملزم نے ماں اور بہن سمیت پانچ افراد کو قتل کردیا
شمالی سندھ کے ضلع گھوٹکی میں ملزم نے اپنی والدہ، بہن اور تین کم سن بھانجیوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا جب کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔
گھوٹکی شہر کی آفتاب کالونی میں ملزم عمران ٹگڑ نے رات کے وقت میں فائرنگ کرکے اپنی والدہ مریم، بہن سمیرا، بھانجی آیت، کائنات اور صورت کو قتل کیا۔
ملزم کی فائرنگ سے ان کی والدہ، بہن اور دو بھانجیاں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی تھیں جب کہ ایک بھانجی کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ بھی جان بر نہ ہوسکیں۔
واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی جب کہ ایک ہی گھر سے پانچ خواتین کے جنازے نکلنے پر اہل محلہ افسردہ دکھائی دیے۔
سندھ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ صوبے بھر میں اور خصوصی طور پر شمالی اضلاع جن میں گھوٹکی، لاڑکانہ، خیرپور، شکارپور، کندھ کوٹ کشمور، جیکب آباد، سکھر اور قمبر شہدادکوٹ سر فہرست ہیں، وہاں ملزمان کی جانب سے معمولی باتوں پر خواتین کو قتل کرنا عام بات ہے۔
آئے دن صوبے بھر میں معمولی مسائل، گھریلو ناچاقی اور یہاں تک ٹھنڈا کھانا پیش کرنے پر بھی خواتین کو قتل کیا جاتا ہے۔