ہراسانی پر ہٹائے گئے لاڑکانہ بورڈ کے چیئرمین کی سزا معاف کروانے کے لیے گورنر سندھ متحرک

خاتون ٹیچر کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں سزا پانے اور عہدے سے ہٹائے گئے لاڑکانہ کے انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری بورڈ کے چیئرمین نسیم میمن کی سزا معافی کے لیے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے حکومت سندھ کو خط لکھ دیا۔
نسیم میمن کو صوبائی محتسب اعلیٰ نے نومبر 2023 میں خاتون ٹیچر شگفتہ شاہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں سزا سناتے ہوئے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔
نسیم میمن پر شگفتہ شاہ نے ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا، نسیم میمن پبلک اسکول حیدرآباد کے پرنسپل تھے، خاتون ٹیچر شگفتہ شاہ نے الزام لگایا تھا کہ نسیم میمن ان کو ہراساں کرتے ہیں۔
چیئرمین لاڑکانہ بورڈ نسیم میمن پر خواتین کوہراساں کرنے کا الزام ثابت ہوگیا ہےجس پرصوبائی محتسب نے انہیں عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔
صوبائی محتسب نے چیئرمین لاڑکانہ بورڈ پر تین لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔
اب گورنر سندھ نے برطرف نسیم میمن کی سزا معاف کرنے کی درخواست کردی ہے۔ انہوں نے سزا معاف کرنے کیلئے سندھ حکومت کو خط لکھ دیا۔
ترجمان گورنر کے مطابق نسیم میمن کے معاملہ کا قانون کے مطابق جائزہ لیا جارہا ہے۔
ترجمان کے مطابق قانون کے تحت گورنر سندھ صوبائی محتسب کے فیصلوں کے خلاف ایپلیٹ اتھارٹی ہیں اور نسیم میمن نے اس قانون کے تحت گورنر کو فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی۔