ایاز لطیف پلیجو اور قادر مگسی کو انتخابات میں ایک بار پھر شکست
قومی عوامی تحریک (کیو اے ٹی) کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو اور سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی اس بار بھی اپنی نشستیں جیتنے میں ناکام رہے۔
سندھ میں مقبول دونوں رہنما آج تک ایک بار بھی الیکشن نہیں جیت پائے جب کہ دونوں شخصیات کو سندھ بھر میں پسند بھی کیا جاتا ہے۔
سندھ اسمبلی کے حلقوں کے جاری کیے گئے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ایاز لطیف پلیجو اور ڈاکٹر قادر مگسی اپنی اپنی نشستیں ہار گئے۔
ایاز لطیف پلیجو نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے ٹکٹ پر حیدرآباد کے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 60 پر انتخاب لڑ رہے تھے، جہاں سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار جام خان شورو جیت گئے۔
اسی طرح ڈاکٹر قادر مگسی بھی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 67 ٹنڈو محمد خان پر نشست ہار گئے، وہاں سے بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار خرم کریم سومرو کامیاب ہوگئے۔