زبردستی کی شادی سے بچنے کے لیے گھر سے نکلنے والی لڑکیاں گھوٹکی سے اغوا

زبردستی کی شادی سے بچنے کے لیے گھر سے فرار ہوکر مہر سرداروں کی خانگڑھ حویلی پہنچنے والی دو نوجوان لڑکیوں کو گھوٹکی سے اغوا کرلیا گیا۔

سندھی اخبار پنھنجی اخبار کے مطابق ملک برادری سے تعلق رکھنے والی دو نوجوان لڑکیاں زبردستی شادی کروائے جانے کے خوف سے مہر سرداروں کی حویلی خانگڑھ پہنچیں تھیں۔

بعد ازاں دونوں لڑکیوں کو کسی دوسرے مقام منتقل کرنے کے لیے جب ٹیکسی کے ذریعے بس اسٹینڈ منتقل کیا گیا تب وہاں ہتھیار بںندوں نے دونوں لڑکیوں کو اغوا کرلیا۔

ٹیکسی ڈرائیور کے مطابق اسلحہ بردار ملزمان لڑکیوں کو زبردستی کار میں ڈال کر سکھر کی طرف روانہ ہوئے۔

پولیس نے لڑکیوں کے اغوا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی لیکن کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود مغوی لڑکیوں سے متعلق کوئی معلومات سامنے نہ آ سکی تھی۔