سندھ کی تاریخ میں ریکارڈ 10 کروڑ روپے کی نمبر پلیٹ فروخت

سندھ کی تاریخ میں پہلی بار نمبر پلیٹس کی نیلامی کی گئی، جس کے تحت محکمہ ایکسائز سندھ نے 40 نمبر پلیٹس کی نیلامی سے 67 کروڑ 54 لاکھ روپے جمع کرلیے۔

گاڑی کے پریمیئم نمبر 1 کی نیلامی 10 کروڑ میں ہوئی، نمبر 5 کی نیلامی 5 کروڑ 30 لاکھ، نمبر7 کی نیلامی 4 کروڑ 60 لاکھ، نمبر8 کی نیلامی 4 کروڑ 10 لاکھ، نمبر9 کی نیلامی 4 کروڑ روپے میں ہوئی۔

نمبر پلیٹس کی فروخت کے لیے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم سیلاب زدگان کے لیے مکانات کی تعمیر کے لیے وقف کی جائے گی، فنڈز سے سیلاب زدگان کے لئے مجموعی طور پر 2,251 مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت سندھ سیلاب متاثرہ لوگوں کی امداد اور ان کی زندگیوں کی تعمیر نو کے لئے مسلسل کوشاں ہے، بہت جلد پریمئم نمبر پلیٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ بھی شروع کیا جائے گا، آئندہ نیلامی سے تعمیر نو کی جاری کوششوں میں مزید مدد کے لیے اضافی وسائل پیدا ہونے کی امید ہے۔