سندھ سیڈ کارپوریشن کو نئے بیج تیار کرنے کی ہدایت، غیر آباد زمین کو قابل زراعت بنانے کا حکم
وزیر زراعت سندھ نے سیڈ کارپوریشن میں اصلاحات لانے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ نہیں بیج تیار کرکے کسانوں کو اعلی معیار کے بیج فراہم کیے جائیں تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کریں۔
علاوہ ازیں صوبائی وزیر نے سندھ سیڈ کارپوریشن کو فروٹ، آئل سیڈ اور سبزیوں کے نئے بیج تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر کے زیر صدارت سندھ سیڈ کارپوریشن میں نئی اصلاحات لانے سے متعلق بنائے گئے پلان کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایم ڈی مشتاق احمد سومرو نے سیڈ کارپوریشن میں نئے سرے سے اصلاحات لانے سے متعلق ترتیب وار پلان پیش کیا۔
ایم ڈی مشتاق سومرو نے اجلاس کو آگاہی دی کہ 12 غیر فعال میں سے 7 زرعی فارمز اور سیڈ پروسیسنگ پلانٹس کو 20 دن کے اندر فعال کیا گیا۔
اجلاس میں دوسال کے اندر 500 ملین آمدنی اور 2 سو ملین خرچ کا پلان بھی پیش کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ تین سکرنڈ اور 2 گھوٹکی کے سیڈ پروسیسنگ پلانٹ فعال بھی کردیے گئے۔
اجلاس کے دوران وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر نے سیڈ کارپوریشن کو 1500 ایکڑ غیرآباد زرعی زمین کو دو سال کے اندر قابل کاشت بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ سیڈ کارپوریشن کے تحت فروٹ، آئل سیڈ اور سبزیوں کے بیج بھی تیار کیے جائیں گے۔
اجلاس میں سیکریٹری زراعت رفیق احمد برڑو، ایم ڈی سیڈ کارپوریشن مشتاق سومرو، ڈی جیز ندیم شاہ، شہاب ابڑو، مظہر کیریو اور دیگر شریک تھے۔